اسلام آباد — سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر چوہدری سالک حسین نے محنت کشوں اور مزدوروں کے لیے میرج اور ڈیتھ گرانٹس میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی گورننگ باڈی نے میرج گرانٹ کو چار لاکھ روپے سے بڑھا کر چھ لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ ڈیتھ گرانٹ کو بڑھا کر دس لاکھ روپے کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق اس سال سے ہوگا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ یہ اضافہ وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق محنت کشوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
سالک حسین نے یوم مزدور کے موقع پر محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کیے گئے وعدے کو پورا کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا سفر وعدوں کی تکمیل کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے۔
وفاقی وزیر نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے مزدوروں اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنڈکا کردار بے مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اداروں کو منافع بخش بنا رہے ہیں، اصلاحات کا عمل جاری ہے اورہمارے اداروں کی ترجیحات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ محنت کشوں کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کارکنوں کو حقیقی ثمرات پہنچانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ملک بھر میں لیبر یونینز اور فیڈریشنز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کو میرج اور ڈیتھ کی گرانٹ بڑھانے پر مبارکباد پیش کی اور اسے تاریخی قدم قرار دیا جس سے محنت کشوں اور مزدوروں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت کے مزدوروں کی بہبود کے ایجنڈے پر اعتماد کا اعادہ کیا