اسلام آباد۔15جنوری :وزیراعظم محمد شہباز شریف نےوفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو آسان ، شفاف اور تیز ترین خدمات کی فراہمی کے لئے پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا۔ جمعرات کو افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس مرکز سے عوام کو بے پناہ آسانیاں اور مختلف محکموں سے متعلق خدمات فراہم کی جائیں گی،جدید ٹیکنالوجی آذربائیجان کی طرف سے ہمارے لیے تحفہ ہے، آذربائیجان کے صدرالہام علیوف کے غیرمعمولی تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں ، اسی طرح کے مراکز آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی قائم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آسان خدمت مرکز سے عوام کو بے پناہ سہولیات اور آسانیاں میسر آئیں گی، پاکستان آسان خدمت مرکز کے لیے ماسٹر ٹرینرز نے آذر بائیجان سے تربیت حاصل کی ہے،ماسٹر ٹرینرزخدمات کی فراہمی میں اخلاق اوراحترام کے جذبے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں ،آسان خدمت مرکزمیں نادرا، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سی ڈی اے، سوئی گیس اور دیگر محکموں سے متعلقہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔