ادارۂ فروغِ قومی زبان کی عمارت کی چھت پر پرچم کشائی

0
366

اسلام آباد: وطنِ عزیز پاکستان کے 78ویں جشنِ آزادی کے موقع پر آج 14 ۔اگست 2025ء کو صبح آٹھ بجے ادارۂ فروغِ قومی زبان کی عمارت کی چھت پر پرچم کشائی کی پُر وقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل (ر)ڈاکٹر محمد ثمریز سالک، ہلالِ امتیاز ( ملٹری)، ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ڈائریکٹر جنرل، ادارۂ فروغِ قومی زبان اور ادارے کے افسران ، ملازمین اور اسلام آباد و راولپنڈی کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے اساتذہ، ریسرچ سکالرز اور طلبہ نے قومی پرچم لہرایا۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر راشد حمید، ڈاکٹر عارف حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب خان بگٹی، نثار محمد، کامران مشتاق اور ادارے کے دیگر رفقائے کار موجود تھے۔ تقریب کا آغاز قومی ترانہ سے ہوا۔ تلاوت قرآن مجید کے بعدملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پرچم کشائی کے بعد ادارے کے زیرِ اہتمام ایک روزہ قومی سیمینار بعنوان “آزادی سے آپریشن معرکۂ حق تک” منعقد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی اور کلیدی مقرر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر محمد ثمریز سالک ، ہلالِ امتیاز ( ملٹری) تھے۔ افتتاحی کلمات ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر راشد حمید نے پیش کیے، انھوں نے یومِ آزادی کی اہمیت اور اس موقع پر قومی یکجہتی کے عزم پر روشنی ڈالی۔

تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) ڈاکٹر محمد ثمریز سالک نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور عوام نے ہر محاذ پر جرأت و بہادری کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف مواقع پر اپنے حریف کو شکست دے کر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہمارا عزم، حوصلہ اور قربانی کا جذبہ ناقابلِ شکست ہے۔ اُنھوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج بھی ہمیں اسی یکجہتی اور عزم کے ساتھ وطنِ عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لیے کام کرتے رہنا ہوگا۔

ڈائریکٹر جنرل ادارہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 14 ۔اگست محض ایک تاریخ نہیں بلکہ قربانی، اتحاد اور جدوجہد کی روشن روایت ہے۔ ہمارے بزرگوں نے اپنی جان، مال اور گھر بار کی قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا تاکہ ہم اپنی تہذیب، تمدن ، ثقافت اور فکر و فلسفے کے مطابق آزاد زندگی گذار سکیں۔

اُنھوں نے مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان کے دیگر رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آج ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ایم ایس اُردو کی طالبہ انمول فاطمہ اور مصفرہ فاطمہ نے ملی نغمے پیش کیے اور حسبِ روایت تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی کو ادارے کی مطبوعات پیش کی گئیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here