سعودی عرب کے سفر کے لیے افغانیوں کو جعلی پاکستانی سفری دستاویزات فراہم کرنے والا گروہ گرفتار

    0
    40

    ایف ائی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ (سی ٹی ڈبلیو) نے ایک بڑے اور منظم کرمنل نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اہم پیش رفت حاصل کر لی۔

    تحقیقات کے مطابق یہ نیٹ ورک غیر ملکی شہریوں کو جعلی پاکستانی شناختی دستاویزات اور پاسپورٹس فراہم کر کے انہیں بیرونِ ملک، خصوصاً سعودی عرب، غیر قانونی طور پر بھجوانے میں ملوث تھا۔ اس منظم نیٹ ورک میں مختلف سطحوں پر متعدد سہولت کار شامل تھے جو جعلی دستاویزات کی تیاری، ویزا پروسیسنگ اور بیرونِ ملک روانگی تک مکمل چین چلا رہے تھے۔

    اس کیس میں ایف آئی آر نمبر 333/2025 کے تحت ایک انویسٹیگیشن ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اس نیٹ ورک کے تمام پہلوؤں پر کام کر رہی ہے۔

    اب تک تین اہم ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید کارروائی کے دوران انسانی اسمگلر/ٹریفکر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جو کہ اے ایچ ٹی سی اسلام آباد کے ایک کیس میں اشتہاری (PO) بھی تھا۔

    اس دوران 60 جعلی قومی شناختی کارڈز (CNICs)، 12 جعلی پاسپورٹس، دستی رجسٹرز (Manual Ledgers)، جعلی گزٹڈ آفیسر کی مہر، جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس اور دیگر متعلقہ مواد برآمد کیا گیا۔ مزید برآں، افغان شہریوں کو جعلی و فرضی سفری دستاویزات کے ذریعے بیرونِ ملک بھجوانے کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق 3,29,00,000 روپے مالیت کا ایک معاہدہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    یہ تمام اشیاء افغان شہریوں کے لیے سعودی عرب کے ورک/ملازمت ویزوں کے حصول میں جعلی، فرضی اور ٹیمپرڈ پاکستانی پاسپورٹس کے ذریعے استعمال کی جا رہی تھیں۔

    تحقیقات کے دوران درجنوں غیر ملکی افراد کے ڈیٹا کے تجزیے سے مزید سہولت کاروں کی نشاندہی ہوئی ہے، جبکہ سینکڑوں دیگر افراد کے ریکارڈ کی جانچ جاری ہے۔ بڑی تعداد میں پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات کا تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ نیٹ ورک کی مکمل ساخت سامنے لائی جا سکے۔

    مزید برآں، اس کیس میں مالیاتی لین دین اور بین الاقوامی روابط کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے، جبکہ ممکنہ دہشت گردی کی مالی معاونت کے پہلوؤں کو بھی جانچا جا رہا ہے۔

    مزید گرفتاریاں متوقع ہیں جبکہ کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

    LEAVE A REPLY

    Please enter your comment!
    Please enter your name here