اسلام آباد: وزیراعظم یوتھ پروگرام کے زیرِ اہتمام پاک–ترک دوستی ہفتہ کی افتتاحی تقریب پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (PNCA) اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ الرحمان تھے،جبکہ پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر عرفان نزیروغلو (H.E. Irfan Neziroğlu) نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
ان کا استقبال رکنِ قومی اسمبلی و فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام سیدہ آمنہ بتول صاحبہ اور فوکل پرس وزیراعظم یوتھ پروگرام سید ذیشان نقوی نے پرتپاک انداز میں کیا۔دونوں شخصیات نے مہمانوں کی میزبانی کے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیے، جب کہ تقریب کے انتظامات کو بھرپور سراہا گیا۔
تقریب کے دوران مہمانوں نے پاک–ترک تاریخی تعلقات پر مبنی تصویری نمائش کا بھی دورہ کیا۔
نمائش میں دونوں ممالک کی تاریخی یادگاروں، ثقافتی ورثے، باہمی تعاون اور قیادت کی تاریخی ملاقاتوں پر مبنی نایاب تصاویر آویزاں تھیں،جنہیں دیکھ کر مہمانوں نے ماضی کی سنہری یادوں اور دوستی کے سفر کو سراہا۔
وزیرِ مملکت حذیفہ الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں پر قائم ہیں،
اور نوجوانوں کو باہمی تعاون اور اختراع کے ذریعے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
ترکی کے سفیر عرفان نزیروغلو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ“پاکستان نے ہمیشہ ترکی کے ساتھ خوشگوار اور مضبوط تعلقات قائم رکھے ہیں، ہم ان رشتوں کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔”
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
ایم این اے سیدہ آمنہ بتول صاحبہ، جو فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام بھی ہیں،
نے کہا کہ پاک–ترک دوستی ہفتہ کا مقصد نوجوانوں، تعلیم، ثقافت اور اختراع کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔اور اس طرح کی سرگرمیاں نوجوان نسل کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہیں۔
فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام سید ذیشان نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا
کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کے لیے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے پر کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نوجوان ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں،
اور مستقبل میں ایسے مزید پروگرامز کے انعقاد سے دوستی کے نئے باب رقم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ترکی ہمیشہ پاکستان کا قابلِ اعتماد دوست رہا ہے،پاک–ترک دوستی ہفتہ کے دوران مختلف ثقافتی تقریبات، نمائشیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا،جن کا مقصد دونوں ممالک کے عوامی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔











