اسلام آباد میں “چین کی گورننس اور عالمی ترقی” کے موضوع پر عالمی مکالمے کا انعقاد

0
47

 چائنا میڈیا گروپ ، پاکستان میں چینی سفارت خانے اور پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے اسلام آباد میں ’’چین کی گورننس اور عالمی ترقی‘‘ کے موضوع پر عالمی مکالمے کے پاکستان سیشن 

 وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے خطاب کیا، جبکہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ نے ویڈیو کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں دونوں ممالک کے سرکاری، علمی، صحافتی اور کاروباری حلقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 100 نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے پانچویں کل رکنی اجلاس کے اہم نکات، چین کے طرزِ حکمرانی کے تجربات اور پاک چین عملی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

 چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ بہت سے پاکستانی دوست چین کی تیز رفتار اقتصادی ترقی اور دیرپا سماجی استحکام کو دو بڑے معجزے قرار دیتے ہیں اور ان کامیابیوں میں چین کے طرزِ حکمرانی کے نتائج دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے طرزِ حکمرانی کو سمجھنے کے لیے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا خود اپنے نظم و نسق کو کس طرح چلاتی ہے۔ چین کے امور کو کامیابی سے چلانے میں پارٹی اور اس کے تمام شعبوں میں جامع اور سخت پارٹی سیلف گورننس کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ پانچویں کل رکنی اجلاس میں پارٹی کے تمام شعبوں میں جامع اور سخت پارٹی سیلف گورننس کے مسلسل نفاذ سے متعلق ایک اہم فیصلہ منظور کیا گیا، جس میں پارٹی کی تنظیمی تعمیر سے متعلق صدر شی جن پھنگ کے نظریات کو جامع طور پر عملی جامہ پہنانے اور جامع اور سخت پارٹی سیلف گورننس کو مزید بہتر بنانے کے لیے سمت متعین کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیمی تعمیر سے متعلق شی جن پھنگ کے نظریات چین میں پارٹی کی رہنمائی کرتے ہیں اور دنیا کی دیگر سیاسی جماعتیں بھی ان سے استفادہ کر سکتی ہیں۔کل رکنی اجلاس کے اختتام کے بعد کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبۂ بین الاقوامی روابط کے سربراہ لیو ہائی شنگ نے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا، جس کے دوران پاکستانی فریق کے ساتھ جامع اور سخت پارٹی سیلف گورننس اور ملکی حکمرانی کے تجربات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھی اس حوالے سے اپنے تہنیتی پیغامات بھیجے، جن میں انہوں نے صدر شی جن پھنگ کے ان نظریات کو سراہا۔

جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ چین مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تجربات کے تبادلے اور ایک دوسرے سے سیکھنے کے عمل کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے، یعنی سی پیک 2.0، پر تیزی سے عمل درآمد اور نئے دور میں قریب تر چین پاک ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے عزم کا اظہار کیا۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ نے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ آج کے چین کو سمجھنے کے لیے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کو سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں کل رکنی اجلاس میں پارٹی کے تمام شعبوں میں جامع اور سخت پارٹی سیلف گورننس کے مسلسل نفاذ کے لیے جامع لائحۂ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس میں حکومتوں کے عروج و زوال کے تاریخی سلسلے سے نکلنے کے دو راستوں، یعنی “عوامی نگرانی” اور ” سیلف گورننس”، پر ایک بار پھر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک صدی سے زائد عرصے سے قائم جماعت کے اپنی صفوں میں اصلاحات کا عمل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار ہے۔

شین ہائی شیونگ نے سی جی ٹی این کے عالمی رائے عامہ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے عملی تجربات دنیا کے سامنے طرزِ حکمرانی کا ایک ایسا نمونہ پیش کرتے ہیں جو مغربی طرز سے مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ اپنے کثیر لسانی پلیٹ فارمز کے ذریعے اس موضوع پر معیاری پروگرام تیار کرے گا، مکالمے کے مواقع فراہم کرے گا اور دنیا کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے تجربات سے روشناس کرائے گا۔ اس کے علاوہ ثقافتی اور ذرائع ابلاغ کی سرگرمیوں کے ذریعے عالمی سطح پر ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے عمل کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے بتایا کہ وہ 1972 سے اب تک درجنوں مرتبہ چین کا دورہ کر چکے ہیں اور انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں ملک میں آنے والی تاریخی تبدیلیوں کا خود مشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک صدی سے زیادہ پرانی اور 10 کروڑ سے زائد ارکان رکھنے والی اس جماعت نے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی اور تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی۔ یکے بعد دیگرے پانچ سالہ منصوبوں پر عمل درآمد سے پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہا اور مختلف علاقوں کی متوازن ترقی کو فروغ ملا۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چین نے تقریباً 80 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا اور کئی دہائیوں تک تیز رفتار اقتصادی ترقی برقرار رکھی۔ ان کے مطابق، پارٹی کی اپنی صفوں میں مسلسل اصلاحات کرنے، معاشرے میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور باہمی فائدے کو ترجیح دینے کی صلاحیت نے ان کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ جامع اور سخت پارٹی سیلف گورننس اور ملکی حکمرانی کے یہ تجربات ترقی پذیر ممالک کے لیے قابلِ استفادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آزمودہ دوست اور ہر موسم کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک کی گہری دوستی اپنی مثال آپ ہے۔ پاکستان کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے تجربات سے سیکھتے ہوئے اپنے قومی حالات کے مطابق ادارہ جاتی اور تعلیمی اصلاحات کو آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے کردار کو سراہا اور مزید چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک تجارت کو وسعت دیں گے، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں گے اور دوطرفہ تجارتی و اقتصادی روابط کو مزید متوازن بنائیں گے۔

چائنا میڈیا گروپ کی نمائندہ ہو پنگ پنگ نے شہری منصوبہ بندی اور ماحولیاتی تحفظ کی مثالوں کے ذریعے وضاحت کی کہ چین اپنے طویل مدتی ترقیاتی منصوبوں پر کس طرح عمل درآمد کرتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ جامع اور سخت پارٹی سیلف گورننس سے ریاستی حکمرانی کی صلاحیت میں کس طرح بہتری آتی ہے۔

پاکستانی شرکاء نے ملک کی ترقیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سماجی، صحافتی اور صنعتی تناظر میں اس بات پر غور کیا کہ گلوبل ساؤتھ کے ممالک چین کے تجربات سے کیا سیکھ سکتے ہیں۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکمرانی کا کوئی ایک ماڈل تمام ممالک کے لیے یکساں طور پر موزوں نہیں ہوتا۔ ہر ملک کو اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، جبکہ تجربات کے تبادلے کے ذریعے مشترکہ ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

Pakistan in the World – September 2026