برطانیہ کے شہر سوئنڈن میں گیس لیکج کے باعث دو پاکستانی طلبہ جاں بحق

0
519

برطانیہ کے شہر سوئنڈن میں گیس لیکج کے باعث دو پاکستانی طلبہ جاں بحق ہوگئے، دونوں کی موت نے پاکستانی کمیونٹی کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا۔ واقعہ ایک رہائشی پراپرٹی میں پیش آیا جہاں کاربن مونو آکسائیڈ کے مشتبہ اخراج نے دونوں نوجوانوں کی جان لے لی۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 34 سالہ افضل احمد ستی اور 32 سالہ محمد عثمان مغل کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں طلبہ حال ہی میں اسٹوڈنٹ ویزا پر برطانیہ آئے تھے اور لندن میں مقیم تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ابتدائی شواہد بتاتے ہیں کہ حادثہ ہیٹنگ سسٹم میں گیس لیکج کے باعث پیش آیا۔

افضل احمد ستی شادی شدہ اور دو بچوں کے باپ تھے جبکہ عثمان مغل نے کچھ ہی عرصہ قبل شادی کی تھی۔ دونوں کا تعلق کوٹلی ستیاں، ضلع راولپنڈی سے تھا۔ لندن کے علاقے الفورڈ میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں عزیز و اقارب کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقامی پولیس کے مطابق جب ایمرجنسی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں تو دونوں افراد پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ قانونی کارروائی کے بعد دونوں کی میتیں پاکستان بھجوانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here