اسلام آباد- سفیر جمہوریہ ترکیہ ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے جمعہ کی شام ممتاز پاکستانی خطاط واصل شاہد کی حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ناموں پر مشتمل خطاطی کی نمائش کا افتتاح کر دیا۔
جمہوریہ ترکی کے سفارتخانے نے سینٹورس اور مووین پک کے تعاون سے سینٹورس مال اسلام آباد میں صلوٰ الہی وعلیٰ کے عنوان سے ایک سولو کیلیگرافی نمائش کا اہتمام کیا ہے۔ نمائش کا افتتاح پاکستان میں جمہوریہ ترکی کے سفیر عرفان نیزیرو اوغلو، سردار ڈاکٹر راشد الیاس خان (صدر سینٹورس گروپ)، سردار یاسر الیاس خان (سی ای او سینٹورس گروپ، صدر IDA) ، واصل شاہد اور مختلف ممالک کے 25 سفیروں کے ساتھ کیا ۔
نمائش کا اہتمام ترک مرکز ثقافت یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ نے کیا۔ یہ نمائش ممتاز ترک خطاط استاد حسن چیلبی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر 24 اسلامی ممالک کے سفیر اور ممتاز پاکستانی دانش ور اور ادیب بھی موجود تھے۔
ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے اس موقع پرکہاکہ پاکستان اور ترکیہ مشترکہ ثقافت اور اقدار کے وارث ہیں جن پر کار بند رہ کر ہم دنیا میں برداشت اور روا داری کو فروغ دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور بھائی چارہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔انھوں نے اس موقع پر خطاطی کے لیے واصل شاہد کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
ترک مرکز ثقافت یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر خلیل طوقار نے کہا ان کا ادارہ پاکستان میں مشترکہ ثقافتی روایات کو فروغ دے رہا ہے اور ان خوبصورت اقدار کو زندہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو زندگی کے جدید طور طریقوں کی وجہ سے پس منظر میں جا رہی ہیں









