سری لنکن ہائی کمیشن کے زیر اہتمام سری لنکا کے یوم آزادی کی تقریب ! پاک سری لنکا دوستی وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری،عطاء اللہ تارڑ

0
42

اسلام آباد۔9فروری :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سری لنکا کے قومی دن کے موقع پر سری لنکا کی حکومت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوستی وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے، دونوں ممالک نے ہمیشہ اچھے اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، آج ایک پرامن اور خوبصورت سری لنکا دنیا کے سامنے ایک پرکشش سیاحتی مقام کے طور پر موجود ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں سری لنکن ہائی کمیشن کے زیر اہتمام سری لنکا کے یوم آزادی    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا

ہائی کمشنر نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں نوآبادیاتی حکمرانی سے آزادی کی جدوجہد کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور سری لنکا کو دنیا کا ایک عظیم ملک بنانے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان چائنہ انسٹی ٹیوٹ، پاکستان افریقہ انسٹی ٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ اینڈ ریسرچ پیڈار، سینیٹر مشاہد حسین سید، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ حامد اصغر خان وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس خان بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سری لنکا پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے اور دونوں ممالک نے ہر مشکل اور خوشی کے وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکن قوم نے دہشت گردی کی عفریت کا غیر معمولی حوصلے اور عزم کے ساتھ مقابلہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ایک پرامن اور خوبصورت سری لنکا دنیا کے سامنے موجود ہے جو سیاحت کے لئے ایک پرکشش مقام بن چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ خود کو سری لنکا کا سیاحتی سفیر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے سگریا کی چٹان اور ہکاڈوا کے سنہری ساحلوں کی خوبصورتی کا ذکر کیا، انہوں نے کہا کہ وہ گال قلعے کی فصیل پر چلنے کا تجربہ حاصل کر چکے ہیں اور کیڈی کے دلکش باغات بھی دیکھ چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کے نزدیک سری لنکا خطے میں سیاحت کے لئے بہترین مقام ہے اور عوام کو ضرور اس خوبصورت ملک کا دورہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے یوم آزادی کے موقع پر وہ وزیراعظم پاکستان، حکومت پاکستان اور بالخصوص پاکستان کے عوام کی جانب سے سری لنکا کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اور دوبئی میں ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے صدر نہایت پرجوش اور محب وطن شخصیت ہیں، انہیں کرکٹ سے گہری محبت ہے۔

انہوں نے خطے میں کرکٹ سے وابستہ خوشگوار یادوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کھیل نے پورے خطے کو ناقابل فراموش خوشیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں موجود ان تماشائیوں میں شامل تھے جب ارجنا رانا ٹنگا نے ورلڈ کپ کی ٹرافی بلند کی اور سری لنکا نے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کی تھی۔

پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں سے دوستانہ تعلقات استوار ہیں، حالیہ سائیکلون ”ڈٹوا“ کے دوران پاکستان نے معمولی لیکن موثر کردار ادا کیا۔ٓ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شاندار اقتصادی تعلقات ہیں، سری لنکا وہ پہلا ملک ہے جس نے اگست 2002ء میں پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کیا جو 2005ء سے نافذ العمل ہوا۔ حال ہی میں دونوں ممالک نے کولمبو میں اپنا 13 واں مشترکہ اقتصادی کمیشن اور 8 ویں سیکریٹریز برائے تجارت سطح کے مذاکرات منعقد کئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کی مسلح افواج کی استعداد کار بڑھانے میں فخریہ طور پر شریک رہا ہے اور اپنے تربیتی اداروں میں بڑی تعداد میں تربیتی مواقع فراہم کئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر سری لنکا کی حکومت اور عوام کو ان کے یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ سری لنکا معاشی طور پر ترقی کرے اور سیاحت کے شعبے میں مزید فروغ پائے۔

اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس خان سے کہا کہ وہ سیاحت کے شعبے میں تعاون کے مواقع تلاش کریں کیونکہ دیکھنا یقین کرنے کے مترادف ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر کولمبو کے اولڈ ڈوئچ ہسپتال اور کولمبو کے مشہور ریستوران منسٹری آف کریب کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ میں نے سری لنکا کی مہمان نوازی، شائستگی اور خوبصورتی کا مشاہدہ کیا ہے اس لئے آج کی اس تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ سری لنکا کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ دپلومیسی کے ذریعے تعلقات کو مزید فروغ ملا۔ حالیہ مہینوں میں سری لنکا نے پاکستان کرکٹ کے فروغ میں جو کردار ادا کیا ہے، اس پر ہم ہمیشہ شکر گذار اور ممنون رہیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here