چیئرپرسن ڈاکٹر سہیل منیر نے اسلام آباد میں دانش سکول کُری کا دورہ کیا؛ پسماندہ اور محروم طبقات کے ہونہار طلبہ کے لیے قائم یہ سکول آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی انفرادی نصاب کے لیے ابتدائی پائلٹ کیمپس کے طور پر کام کرے گا
اسلام آباد، 11 نومبر 2026: ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے شعبۂ تعلیم میں تبدیلی لانے سے متعلق وزیرِ اعظم کے وژن کے تحت، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی (پی ڈی اے) کے چیئرپرسن ڈاکٹر سہیل منیر نے 4 نومبر 2026 کو پی ڈی اے کے ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کی صدارت کی، جس میں وزارتِ وفاقی تعلیم اور دانش سکولز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد پاکستان کے تعلیمی نظام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے انضمام کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ اس مشاورت کے بعد ڈاکٹر سہیل منیر نے دانش سکول کُری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملک کے پہلے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی پائلٹ کیمپس کا جائزہ لیا۔
پی ڈی اے میں منعقدہ اجلاس میں صوفیہ حسنین، چیف آف سٹاف، پی ڈی اے؛ ڈاکٹر حنا کرامت، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، نیشنل ڈیجیٹل انوویشن لیب (ایجوکیشن)، پی ڈی اے؛ شاہ جہاں، ڈپٹی سیکرٹری، وزارتِ وفاقی تعلیم؛ اصغر اعوان، پرنسپل، دانش سکول کُری؛ اور ڈاکٹر تبسم، ڈائریکٹر نصاب نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کی اس ہدایت پر عمل درآمد کے لیے مشاورت کی گئی کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی انفرادی تعلیمی نصاب اور موافقت پذیر نظامِ تعلیم تشکیل دیا جائے، جس کے لیے دانش سکول کُری، اسلام آباد کو ابتدائی پائلٹ کیمپس کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
اس اقدام کی قیادت وزارتِ وفاقی تعلیم اور دانش سکولز اتھارٹی کریں گے، جبکہ پی ڈی اے تکنیکی مہارت، ڈیجیٹل آرکیٹیکچر سے متعلق رہنمائی اور رابطہ کاری کی ذمہ داریاں انجام دے گی۔ شرکاء نے سنگاپور سمیت مختلف ممالک کے بین الاقوامی بہترین طریقہ ہائے کار کا جائزہ لیا اور نصاب میں ٹیکنالوجی کے انضمام، آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی تعلیمی حل اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر تبادلۂ خیال کیا۔
10 نومبر 2026 کو ڈاکٹر سہیل منیر نے سکول کے دورے کے لیے وفد کی قیادت کی، جس کا مقصد ڈیجیٹل تیاری کا جائزہ لینا، دستیاب سہولیات کا معائنہ کرنا اور تدریس، تعلّم اور سکول کے انتظامی امور میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے انضمام کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ وفد میں ڈاکٹر حنا کرامت؛ محمد سلمان اقبال، سربراہ، سٹیزن ایکسپیرینس؛ سارہ عبید الاسلام، سینئر تجزیہ کار، سٹیزن ایکسپیرینس؛ شہاب صدیقی، ڈائریکٹر، تبادلیب؛ شاہ جہاں؛ اور اصغر اعوان شامل تھے۔
وفد نے سکول کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، کلاس رومز، لیبارٹریز، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تدریسی سہولیات، اساتذہ کی مجوزہ تربیت (ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام) اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹکس کی تعلیم سے متعلق جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے انفرادی تعلّم، مربوط لرننگ مینجمنٹ سسٹمز، آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی سمارٹ کلاس رومز، اساتذہ کی ڈیجیٹل تربیت، مستقبل کی مہارتوں اور اختراعی لیبارٹریوں کے قیام سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں اجلاسوں میں اس امر پر خصوصی زور دیا گیا کہ طلبہ کے جامع ڈیجیٹل پروفائلز تیار کیے جائیں، جو محض تعلیمی کارکردگی تک محدود نہ ہوں بلکہ انفرادی تعلّم، طلبہ کی فلاح و بہبود، صلاحیتوں کی نشوونما اور ہمہ جہت شخصی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوں۔
ڈاکٹر سہیل منیر نے تعلیمی اداروں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنا کر اس اہم قومی اقدام کی حمایت کے لیے اتھارٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے بامعنی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، تاکہ ان کا معیارِ تعلیم دنیا کے ممتاز بین الاقوامی تعلیمی نظاموں کے ہم پلہ ہو سکے۔
دانش سکولز وزیرِ اعظم کا ایک اہم فلیگ شپ اقدام ہے، جس کا مقصد پسماندہ اور محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدام اس امر کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے کہ جدت طرازی کے ذریعے تعلیمی عدم مساوات کو کس طرح کم کیا جا سکتا ہے اور طلبہ کو دنیا کے ممتاز تعلیمی نظاموں سے ہم آہنگ تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔
یہ اقدام نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے تحت پی ڈی اے کے وسیع تر مینڈیٹ کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد ٹیکنالوجی اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ پی ڈی اے کا مقصد ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم کا ایک قابلِ تقلید ماڈل تشکیل دینے میں معاونت کرنا ہے، جو تعلیمی نتائج کو بہتر بنائے، اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے اور پاکستان بھر کے طلبہ کے لیے ترقی کے مزید مواقع پیدا کرے۔