پاکستان میں فلپائن میں رجسٹرڈ دوا ساز کمپنی کی موجودگی پاکستان کی مارکیٹ پر اعتماد کا مظہر ہے، سفیر

0
272

اسلام آباد، 4 جنوری: پاکستان میں فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمانوئل آر فرنینڈز نے کہا ہے کہ پاکستان میں فلپائن میں رجسٹرڈ دوا ساز کمپنی کی موجودگی پاکستان کی مارکیٹ پر اعتماد کا مظہر ہے اور اس سے صحت، سپلائی چین اور دوطرفہ تجارت میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اسلام آباد میں ٹو ورلڈ ٹریڈرز پاکستان کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دفتر کا قیام نہ صرف کمپنی بلکہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور صحت کے شعبے کے اشتراک میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسینز اور بایولوجیکل مصنوعات مضبوط اور مؤثر صحت کے نظام کے لیے ناگزیر ہیں اور ٹو ورلڈ ٹریڈرز جیسے کاروباری اقدامات عوامی صحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ دوطرفہ معاشی تعلقات کو بھی مضبوط بنا سکتے ہیں۔

نئے قائم ہونے والے دفتر کا باضابطہ افتتاح عبدالرزاق صدیق، اونر ٹو ورلڈ ٹریڈرز پاکستان اور فلپائن میں قائم ٹو ورلڈ ٹریڈرز انکارپوریشن کے صدر نے کیا۔ تقریب میں فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل (کراچی) ڈاکٹر عمران یوسف، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) ڈاکٹر عبید اللہ، شفا انٹرنیشنل ہسپتال، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)، ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف لائف سائنسز (ڈی آئی ایل ایس) کے نمائندگان سمیت سینئر صنعتکار اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

ڈریپ کے حکام نے ادویات اور ویکسین کے شعبے میں تجارت کے فروغ کے لیے ریگولیٹری تعاون اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار اور حفاظتی اصولوں پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔

اس موقع پر عبدالرزاق صادق نے کہا کہ کمپنی کا مقصد پاکستان کے صحت کے شعبے کی معاونت، ضروری ویکسینز اور بایولوجیکل مصنوعات کی دستیابی میں بہتری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی پیداوار کا فروغ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی ٹیٹنس ٹاکسوئڈ سمیت اہم ویکسینز کی درآمد کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر ایک کروڑ خوراکیں فراہم کی جائیں گی تاکہ قلت پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کے منصوبوں میں ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف لائف سائنسز کے اشتراک سے اینٹی ریبیز سیرم کی مقامی تیاری کے علاوہ اینٹی کینسر ادویات اور اینٹی سانپ کے زہر کے سیرم کی تیاری بھی شامل ہے، جس کا مقصد بالخصوص سندھ اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی ہے۔

1988 میں قائم ہونے والی ٹو ورلڈ ٹریڈرز انکارپوریشن فلپائن میں ویکسینز اور بایولوجیکل مصنوعات کی نمایاں تقسیم کار ہے، جس کی سرگرمیاں ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا تک پھیلی ہوئی ہیں، جبکہ بھارت اور چین میں جدید کولڈ چین سہولیات اور مینوفیکچرنگ شراکت داری بھی موجود ہے۔

 

Pakistan in the World – August 2025

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here