
تحریر: تنویر حسین

اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز جج ایاز شوکت نے 16 نومبر 2026 کو بری امام ہاؤس کے نگران محمد اکمل کی درخواست پر حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو سو کنال اراضی پر قائم بری امام ہاؤس کی ملکیت کا ثبوت پانچ دن کے اندر اندر سی ڈی اے کو پیش کریں بصورت دیگر سی ڈی اے قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لاتے ہوئے مزکورہ غیر قانونی قبضہ ختم کرنے کا حق رکھتا ہے۔ پانچ دن کی مدت جمعہ 20 نومبر 2026 کو ختم ہو جائے گی اور اس کے بعد دیکھتے ہیں کہ زیرو ٹالرینس پالیسی کیا رنگ لاتی ہے؟
جب سے سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس پر ہاتھ ڈالا ہے تب سے کچھ درباری صحافی سوشل میڈیا پر بری امام ہاؤس کے دفاع کے لئے بے بنیاد قسم کی گفتگو کر رہے ہیں ۔ تاکہ بری امام ہاؤس کو بچایا جاسکے۔ لنگر اور روحانیت کا تاثر دے کر عدالتوں اور حکومت پر اثر انداز ہونے اور مزارات قبضہ مافیا کو مظلوم ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔لہذا ضرورت محسوس کی گئی کہ کچھ ضروری حقائق بیان کئے جائیں تاکہ ریکارڈ کی درستگی قائم رہے اور لوگوں کو بھی حقیقت حال کا علم ہو سکے۔
جہلم سے تعلق رکھنے والے راجہ محمد اکرم مرحوم نے بری امام ہاؤس کی بنیاد اس وقت رکھی جب مزار حضرت بری امام کی تعمیر کیلئے 1978 میں جنرل ضیاء الحق مرحوم نے ایک صدارتی مشاورتی کمیٹی بنائی تھی۔ جس میں کموڈور اعجاز مہدی کا بنیادی کردار بتایا جاتا ہے ۔ وہ اس وقت کے مارشل لاء میں ضیاء الحق کے شکایات سیل کے انچارج تھے۔ اور ان کا تعلق بھی جہلم سے تھا۔ اسی طرح کمیٹی کے ایک اور رکن کسٹم گروپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید ریاض حسین نقوی بھی جہلم کے تھے۔ جو بعد میں چیئرمین ایف بی آر کے عہدے پر جنرل پرویز مشرف کے دور میں تعینات رہے۔ یوں ایک جہلمی گروپ اپنے مفادات کے لئے اکٹھا ہوا۔
کمیٹی میں عموماً چیف کمشنر، چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اور دیگر سینئر با اختیار افسران کو شامل کیا جاتا تھا، جہاں سے بھر پور انتظامی سپورٹ حاصل کی جاتی۔ ابتدا میں محکمہ اوقاف وزارتِ مذہبی امور کے ماتحت تھا۔ جسے بعد میں وزارت داخلہ کے ماتحت کر دیا گیا۔ لیکن اصل میں مزار تعمیراتی کمیٹی کے حوالے ہو گیا۔ جس نے اس کے وسائل کو اپنی مرضی سے استعمال کیا۔
یہاں اس بات کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ بری امام ہاؤس کی جگہ پر دو تین کمرے ہوتے تھے جبکہ کچھ کمرے سی ڈی اے ایوارڈ کے بعد مالک مکان سائیں اللّہ داد اور اس کے بھائی نے اکھاڑ لئے تھے۔ ان بقیہ کمروں میں سی ڈی اے کے محکمہ جنگلات کا ایک علاقائی دفتر تھا جہاں رینج افسر اور فارسٹر عارضی قیام کرتے تھے۔ جبکہ بشیر احمد نامی محکمہ جنگلات کا ملازم وہاں مستقل رہائش پذیر ہوتا تھا ۔
1973 کے آخر میں جب راجہ اکرم مرحوم بری امام آیا تو چند سال بعد یہ موصوف بھی اسی جنگلات کے دفتر میں فارسٹر بشیر احمد کے ساتھ رہنے لگا۔ 1977 میں ضیائی مارشل لاء کے بعد مزار بری امام کیلئے کمیٹی کے قیام سے جنگلات کے دفتر میں لوگوں کی آمد ورفت شروع ہوتی۔
اس زمانے میں سی ڈی اے بری امام کا اڈہ سالانہ ٹھیکہ پر دیتا تھا۔ سی ڈی اے کی طرف سے ٹھکیدار کو پابند کیا جاتا تھا کہ اڈہ پر کوئی نئی تعمیر نہ ہو گی۔ لہٰذا اڈہ کا وسیع رقبہ خالی ہوتا اور عرس پر لاکھوں زائرین آتے مگر پارکنگ کا مسلہ نہیں بنتا تھا۔ راجہ اکرم مرحوم نے کمیٹی کی آڑ میں سب سے پہلے اڈہ کا سالانہ ٹھیکہ کینسل کروا دیا۔ اس سال ٹھیکہ راقم کے والد کے نام تھا بہرحال عدالتی حکم امتناعی پر سال گزرا ۔ یہ ٹھیکہ غالباً 58 ہزار روپے کا تھا۔
اس کے بعد اڈے پر کمیٹی کے ذریعے راجہ اکرم کا کنٹرول آگیا۔ اور منظورِ نظر لوگوں کی دکانیں لگوائی گئیں۔ اور وقت کے ساتھ اضافہ ہوتا گیا۔ جو سینکڑوں تک جا پہنچا۔ سی ڈی اے کی زمین پر تجاوزات بڑھتی گئیں۔ ٹھیکے کے خاتمے سے سی ڈی اے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
اسی دوران مزار بری امام کی تعمیر و توسیع شروع ہوئی تو قبروں کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی جس کی وجہ سے مقامی مزاحمت شروع ہوئی۔ تو راجہ اکرم نے کمیٹی کی پشت پناہی کی بنا پر لوگوں کو ہراساں کرنے کے لئے تھانے کے ذریعے تشدد کا راستہ اختیار کیا۔ دیگر لوگوں کے علاؤہ کڑال قبیلہ جو خود کو سردار بھی کہلواتا ہے۔ ان کے کچھ افراد کے خلاف کسی افسر کو لوٹنے کا جھوٹا مقدمہ بنوایا گیا۔ اور ان پر تشدد کروایا گیا، جو انتہائی ظالمانہ فعل تھا ۔
اسی طرح ضیاء الحق کے سیاسی مخالفین پیپلز پارٹی کے لوگوں کو بھی تھانہ تک لے جایا گیا۔ مزار کے احاطے میں نعرہ لگانے پر ملنگوں کو پٹوایا جاتا تھا۔ تشدد کا عمل اور آگے بڑھتا ہے۔ تو راجہ اکرم مرحوم کے فرنٹ مین اڈہ چلانے والے اور سائیں تنویر کے درمیان اڈہ ٹیکس لینے پر جھگڑا ہوتا ہے اور پھر سائیں تنویر کو جیل پہنچا دیا جاتا ہے۔ سائیں تنویر کی ماں کو تھانے بلوا کر گالیاں دی جاتی ہیں۔ اور مختلف مقدمات میں سائیں تنویر کو الجھا دیا جاتا ہے۔
سائیں تنویر کئی سال جیل کاٹنے کے بعد رہا ہوتا ہے۔ چند سال وہ اپنا کاروبار کرتا ہے۔ اسی دوران بری امام میں ایک شخص کا انتقال ہوتا ہے۔ جس میں شرکت کے لئے راجہ اکرم مرحوم آتا ہے ۔ جنازہ کے بعد بازار میں سائیں تنویر سے راجہ اکرم مرحوم کا ٹاکرا ہوتا ہے۔ تو سائیں تنویر اپنی کلاشنکوف کی گولیوں سے راجہ اکرم کو اپنے انتقام کی بھینٹ چڑھا دیتا ہے۔ اور پھر اس محاذ آرائی کی وجہ سے مزید آٹھ لوگ لقمہ اجل بنتے۔ یہ کہانی 2005 کو ختم ہوتی ہے۔
مقامی لوگ راجہ اکرم مرحوم کی بالادستی کے شروع سے خلاف رہے۔ جسے کاؤنٹر کرنے کے لئے راجہ اکرم نے غیر مقامی لوگوں کو سی ڈی اے کی زمین پر آباد کرنے میں مدد فراہم کی، تاکہ مقامی اکثریت کو اقلیت میں بدلا جائے۔ یوں اربوں روپے کی زمین پر قبضہ کرانے میں راجہ اکرم مرحوم شامل رہے۔ مقامی سطح پر لوگوں کو آپس میں تقسیم کرنے میں بھی موصوف نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔یہ بری امام سرکار کے مزار کی برکت رہی کہ مقامی لوگ آپس میں اختلاف کے باوجود نہیں لڑتے۔
راجہ اکرم مرحوم نے کمیٹی کی چھتری کے نیچے انتظامی طاقت کے زور پر اپنے قیام کی جگہ کو وسعت دیتے ہوئے 200 کنال سے زیادہ رقبہ پر پھیلا دیا۔ اور گیٹ پر بری امام ہاؤس کا بورڈ نصب کر دیا۔ راجہ اکرم مرحوم کی روحانیت کے سبب 48 سال سے سی ڈی اے کا ٹھیکہ منسوخی سے اربوں روپے کی پھکی حکومت کو ملی۔
اطلاعات کے مطابق کمیٹی کی آڑ میں محکمہ اوقاف کے ملازمین مزار پر ڈیوٹیاں ادا کرنے کی بجائے پچھلے تقریباً 30 برسوں سے بری امام ہاؤس میں کام کرتے آ رہے ہیں۔جن کی تنخواہیں محکمہ اوقاف سے ادا ہو رہی ہیں۔ بری امام کے مزار اور بری امام ہاؤس کی توسیع کا دورانیہ ایک ہی ہے۔ اور پچھلے 48 سالوں سے مزار حضرت بری امام کا تعمیراتی کام جارہی ہے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار صاحب کی سربراہی میں چار سال سے مزار کی کمیٹی بنی ہوئی ہے۔ صرف بری امام ہاؤس میں عرس کے نام پر اشرافیہ کا اکٹھ کرنے کے علاؤہ زیرو کارکردگی ہے۔ یہ واحد کمیٹی ہے جس میں اوقاف محکمہ کا وزیر ممبر نہیں بن سکتا جیسے سابقہ سجادہ نشینوں میں سے کوئی ممبر نہیں بن سکتا۔ یہ مزارات قبضہ مافیا ہے۔ جس نے بری امام کے علاؤہ دیگر مزارات پر ہاتھ رکھا ہؤا ہے۔ تحقیقات کی ضرورت ہے کہ ایسے کونسے مقاصد ہیں؟ جن کے لئے نام نہاد خادمیت کی گودڑی پہننے کی ضرورت ہے۔ اور مزارات پر کنٹرول حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔
راجہ اکرم مرحوم کی وفات کے بعد سے راجہ سرفراز اکرم بری امام ہاؤس کے قابض بلا شرکت غیرے ہیں۔ جو محسن نقوی صاحب کی زیرو ٹالرینس پالیسی کی بھینٹ چڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ سرفراز اکرم کی پہچان ان کے آبائی علاقہ جہلم سے زیادہ بری امام کے ذریعے بنی ہے جس میں ان کے چچا راجہ اکرم کا بڑا کردار ہے۔ اطلاعات کے مطابق پچھلے تیس سالوں میں ان کے خاندان کے پاس دولت بڑی تیزی سے آئی۔ لہذا وہ بری امام ہاؤس پر اپنا قبضہ بچانے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لانے کی کوشش کریں گے۔ بہر حال بری امام ہاؤس کے مستقبل کے لئے یہ ہفتہ بڑا اہم ہے۔
لنگر کا پروپیگنڈا درباری صحافیوں نے کچھ ضرورت سے زیادہ ہی اچھالا ہے۔ یہاں اس بات کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ1960 میں ملک بھر سے مزارات کو حکومت نے اپنی تحویل میں لیا جن کی دیکھ بھال کے لئے محکمہ اوقاف بنایا گیا ۔ اس سے پہلے مزار حضرت بری امام کا انتظام و انصرام سجادہ نشینوں کے پاس ہوتا تھا۔ مزار کی آمدن تین حصوں میں تقسیم کی جاتی تھی ۔ ایک حصہ زائرین کے لنگر پر خرچ کیا جاتا تھا ۔
دوسرا حصہ مزار کی تعمیر و مرمت اور تیسرا حصہ سجادہ نشین خاندان آپس میں بانٹ لیتے تھے۔ اس زمانے میں نذرانہ یا نیاز کرنسی کی بجائے اجناس کی صورت میں ہوتی تھی۔ لہٰذا اوقاف کی ذمہ داری ہے کہ مزار کی آمدن سے زائرین کے لنگر کا انتظام کرے۔ مزار کے اندر زائرین خود بھی لنگر پکوا کر سارا دن تقسیم کرتے رہتے ہیں۔ لیکن اس کا ذکر نہیں کیا جاتا۔ راجہ سرفراز اکرم سے اگر بری امام میں لنگر تقسیم کرنے کا موقع چھین لیا جاتا ہے۔ تو کار خیر کیلئے کسی محل وقوع کی قید نہیں ہوتی۔