وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال دو روزہ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2026 کا اسلام آباد میں افتتاح کریں گے

0
127

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے قومی صحت، ضوابط و رابطہ سید مصطفیٰ کمال 12 اگست کو صبح 11 بجے ٹیولپ مارکی، مری روڈ، اسلام آباد میں پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2026 کا بطور مہمانِ خصوصی افتتاح کریں گے. پرائم ایونٹ مینجمنٹ کے زیرِ اہتمام دو روزہ بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس 12 اور 13 اگست 2026 کو جاری رہے گی، جس میں پاکستان اور بیرونِ ملک سے فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر انڈسٹری کے رہنما، مینوفیکچررز، ماہرین، کاروباری نمائندے، ریگولیٹرز اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے۔

پرائم ایونٹ مینجمنٹ کے ڈائریکٹر اور پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کے منتظم کامران عباسی نے کہا کہ نمائش کا مقصد پاکستان کے فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر شعبوں کے اہم اسٹیک ہولڈرز کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو مینوفیکچررز، سپلائرز، ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، صنعتی تنظیموں، ریگولیٹرز اور فیصلہ سازوں کے درمیان روابط کے فروغ کے ساتھ نئی ٹیکنالوجیز، کاروباری تعلقات، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے مواقع فراہم کرے گی۔ ایکسپو میں فارماسیوٹیکل پروسیسنگ اور پیکیجنگ مشینری، لیبارٹری اور ٹیسٹنگ آلات، خام مال اور ایکٹو فارماسیوٹیکل انگریڈیئنٹس، طبی تشخیصی آلات، ہسپتالوں کے آلات اور استعمال کی اشیاء، ادویات، ہیلتھ کیئر مصنوعات اور سرجیکل آلات کی نمائش کی جائے گی۔

اس ایونٹ کو پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن اور نیوٹراسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان  کی معاونت حاصل ہے۔

ایکسپو کے موقع پر ایک اہم ریگولیٹری پیش رفت کے طور پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان  نے فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر انڈسٹری کے ساتھ خصوصی انٹرایکشن سیشنز کے انعقاد کا بھی اعلان کیا ہے۔ ڈریپ کے سی ای او سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری سرکاری مراسلے کے مطابق ان سیشنز کا مقصد ریگولیٹری آگاہی، شفافیت اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامقصد رابطے کو فروغ دینا ہے۔

ڈریپ کے مطابق ان سیشنز میں اہم ریگولیٹری تقاضوں اور توقعات سے صنعت کو آگاہ کیا جائے گا، جبکہ انڈسٹری کے نمائندوں کو وضاحت طلب کرنے اور مشترکہ دلچسپی کے امور منظم مباحثوں کے ذریعے اٹھانے کا موقع ملے گا۔ سیشنز کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوگا۔

ریگولیٹری سیشنز میں فارماکوویجیلنس رولز کے تحت فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز کی ذمہ داریاں، رجسٹریشن درخواستوں میں عام خامیاں اور ریگولیٹری توقعات، جبکہ الٹرنیٹو میڈیسنز اینڈ ہیلتھ پروڈکٹس رولز 2026 کے تحت ریگولیٹری فریم ورک اور انڈسٹری کی تیاری جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔

ڈریپ نے فارماسیوٹیکل، نیوٹراسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر شعبے کی بڑی تنظیموں سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنی رکن کمپنیوں اور متعلقہ نمائندوں کی ان سیشنز میں شرکت کی حوصلہ افزائی کریں اور وسیع تر صنعتی اہمیت کے حامل سوالات اور مسائل پیش کریں۔ اتھارٹی کے مطابق صنعت کے ساتھ مسلسل اور تعمیری رابطہ ریگولیٹری وضاحت، بہتر تعمیل اور ضابطہ جاتی تقاضوں کے مؤثر نفاذ کے لیے اہم ہے۔

ایکسپو میں خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کرنے والی نمایاں ریگولیٹری، صنعتی اور کاروباری شخصیات میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان  کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبیداللہ؛ بائیو لیبز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر، چیئرمین  نارتھ اور صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عثمان شوکت؛ ہربائیوٹکس ہیلتھ کیئر کے سی ای او اور نیوٹراسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی و چیئرمین محمد دانش خان؛ صدر پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن اور ڈپٹی سیکریٹری، محکمہ صحت و آبادی حکومت پنجاب محمد عالمگیر راؤ؛ اور صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جنید الطاف شامل ہیں۔

توقع ہے کہ ایکسپو فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کو نئی ٹیکنالوجیز سے آگاہی، پیشہ ورانہ اور کاروباری روابط مضبوط بنانے، علم و تجربات کے تبادلے اور تعاون و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ دو روزہ نمائش میں مقامی اور غیر ملکی نمائش کنندگان کی شرکت متوقع ہے، جہاں پاکستان کی فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر انڈسٹری میں ہونے والی نئی پیش رفت، ریگولیٹری ترجیحات اور کاروبار و سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here