گوادر میں پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ مکمل، مسافروں کو کونسی سہولیات ملیں گی؟
بلوچستان کے جنوب مغرب میں بحیرہ عرب کے ساحل پر گوادر کے اُس انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا بالآخر افتتاح کر دیا گیا ہے جس کا خواب دہائیوں سے دیکھا جا رہا تھا۔
4300 ایکڑ (17 مربع کلو میٹر) رقبے پر پھیلا نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ (این جی آئی اے) پاکستان کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے جس پر دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے بھی اتر سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے ہوائی اڈے کا رن وے، ٹرمنل بلڈنگ اور دوسری سہولیات بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کی گئی ہیں۔ انہیں توقع ہے کہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اندرون ملک اور بیرون ملک پروازوں کے آغاز کے ساتھ ساحلی شہر میں تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا
نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں کیا خاص ہے؟
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے منسلک اہم منصوبے نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ ملک کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے۔
نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا ورچوئل افتتاح گزشتہ روز چین کے وزیراعظم لی چنگ اور وزیراعظم شہباز شریف نےکیا۔
ملک کے سب سے بڑے اور جدید بین الاقوامی معیار کے ہوائی اڈے کی تعمیر کا آغاز سال 2019 میں ہوا۔
یہ ائیرپورٹ گوادر بندرگاہ سے 26 کلومیٹر کے فاصلے پر گوردانی ایریا میں تعمیر کیا گیا ہے۔ جدید چینی ڈیزائن اور تعمیراتی معیار کے مطابق 4 ہزار 300 ایکڑ پر تعمیر ہونے والے ائیرپورٹ کی تعمیرکے منصوبے پر ایک ہزار سے زائد پاکستانی اور 200 چینی انجینئرز اور ورکرز نے حصہ لیا۔
چین اور پاکستان کے اشتراک سے تعمیر ہونے والے اس ائیرپورٹ کی لاگت 55 ارب روپے سے زائد ہے۔ ائیرپورٹ کا رن وے 3 ہزار 800 میٹر لمبا اور 45 میٹر چوڑا ہوگا۔
بین الاقوامی معیار کا جدید ٹرمینل 14 ہزار اسکوائر میٹر پر دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں بین الاقوامی اور اندرون ملک سفر کے ٹرمینلز ہیں۔
اس ائیر پورٹ سے چین اور پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں فضائی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ائیربس A300 بوئنگ B747 سمیت دیگر طیاروں کی لینڈنگ سہولت حاصل ہوگی۔










