گورنرپنجاب کا کینسر میں مبتلاکیمرہ مین کا علاج شفاء انٹرنیشنل سے کرانے کا حکم ! گجرات صحافیوں کے خلاف مقدمات پر انسپکٹر جنرل چیف سیکرٹری سے بات کرنے کی یقین دہانی

0
725

اسلام آباد(پ۔ر) گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے کینسر جیسی موذی مرض میں مبتلاکیمرہ مین ارشد محمودکا علاج شفاء انٹرنیشنل سے کرانے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ اس علاج معالجے پر جتنے بھی اخراجات آئیں گے وہ گورنر فنڈز کی طرف سے ادا کئے جائیں گے جبکہ ارشد محمود کی طرف سے اس کے حسن ابدال میں گروی رکھے گئے ذاتی مکان کی واگزاری کیلئے انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل شکیل احمد اور پاکستان پیپلز پارٹی سٹی کے صدر راجہ کامران کی سربراہی میں ریلیف کمیٹی بنادی ہے جو گروی رکھے گئے مکان کی ادائیگی کرکے ارشد محمودکا مکان واگزار کرائیں گے ۔

پیر کے روز پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری شکیل احمد اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق عثمانی کی سربراہی میں ملنے والے وفد کے ہمراہ کینسر کے مرض میں مبتلا ارشد محمود اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹ وسیم ہاشمی سے ملاقات میں کہا کہ مجھے ارشد محمود اور اس کی فیملی سے پوری پوری ہمدردی ہے اور اس کے علاج معالجے کیلئے جتنے بھی اخراجات آئیں گےوہ گورنر فنڈز سے دئیے جائیں گے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے وفد سے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں صحافیوں کیلئے میڈیا فیز 02 کے حوالے سے پی ایف یو جے کی پرپوزل پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ سے بات کرونگا

گورنر نے راولپنڈی میں پی ایف یو جے اور صدر آر آئی یو جے وفد شکیل احمد ، طارق عثمانی، فرحت فاطمہ ، قیصر مرزا، فرخ نواز بھٹی ، مدثرالیاس کیانی،عبدالوحید جنجوعہ، فیاض چوہدری، اسحاق چوہدری ،یاسر زبیری، محمود خان، عامر خان نیازی ، اعجاز علی ساغر، فیصل ندیم اور دیگر سے ملاقات میں

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اظہار رائےکی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کی جہدوجہد میں پی ایف یوجے کی خدمات کا نہ صرف اعتراف کرتی ہے بلکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ا ن کے حق میں ہراول دستے کے طور پر کام کیاہے ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہمیشہ صحافیوں کی سہولیات اور ان کےمسائل کے حل میں نہ صرف خود کردار اداکیا ہے بلکہ اس سلسلے میں پارٹی کو خصوصی ہدایات دے رکھی ہیں ۔

چیئرمین بلاول بھٹو زردای نے ہمیشہ جمہوریت کے فروغ میں آزاد پریس کے کرداراور اہمیت پر بات کی ہے صحافیوں کے وفد نے گورنر پنجاب کی توجہ گجرات میں انتظامیہ کی طرف سے گجرات پریس کلب کے صدر عبدالستار مرزا، سید نوید حسین شاہ ، رانا شہزاد اور سید ذوالفقار شاہ کے خلاف بنائے گئے جھوٹے مقدمات کی طرف دلائی تو انہوں نے اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی، اور کہا وہ اس سلسلے میں ضرور باز پرس کرائیں گے اور پنجاب میں کسی بھی جگہ صحافیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات کے اندراج کا نوٹس لیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here