وزیراعظم کے ساتھ وزرائے اعلیٰ کے آئندہ مشاورتی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی کوشش کی جائےگی،وفاقی وزیر
قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان پر صوبائی آئی ٹی محکموں اور متعلقہ فریقوں سے مشاورت جاری ہے،ڈاکٹر سہیل منیر
پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے امور پر اجلاس۔وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے اجرا میں خدمات کو سراہاگیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کو وفاقی حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہو ئےکہا ہے کہ قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کو وزیراعظم کے ساتھ صوبائی وزرائے اعلیٰ کے آئندہ مشاورتی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی کوشش ہوگی، یہ بات انہوں نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے امور پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرپرسن ڈاکٹر سہیل منیر اور اتھارٹی کے دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں سرکاری و نجی اسپتالوں میں مریضوں کے یکساں ڈیجیٹل ریکارڈ اور رجسٹری کے قیام پر غور کیا گیا ، صحت، تعلیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں کے ڈیجیٹلائزیشن منصوبوں کا آئندہ اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا، وفاقی وزیرنے کہا کہ ڈیجیٹل گورننس، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل معاشرہ قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے بنیادی ستون ہیں، ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہر شعبے میں ترقی اور عوامی خدمات کی بہتری ممکن ہے،
پی ڈی اے کے شعبہ وار منصوبوں میں قابلِ عمل اہداف اور حقیقت پسندانہ مدتِ تکمیل واضح ہونی چاہیے، انہوں نےکہاکہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو جدید ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتیں سکھانے کے لیے مربوط لائحۂ عمل بنایا جائے،
احد چیمہ نے ہدایت کی کہ نئی نسل کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل مہارتیں باقاعدہ تعلیمی نظام کے ذریعے سکھانا ضروری ہے، وفاقی وزیرنے کہا کہ شناختی کارڈ پر مبنی کمپیوٹرائزڈ نظام سے مریضوں کے ریکارڈ اور علاج کے تسلسل میں مدد ملے گی،
انہوں نے وزارتوں اور ڈویژنز میں ڈیجیٹلائزیشن کے لیے موجودہ آئی ٹی عملے کو تربیت دینے کی ہدایت کی
انہوں نےکہاکہ ای آفس کے بعد دستیاب عملے کو تربیت دے کر حکومتی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے، پی ڈی اے، این آئی ٹی بی کے اشتراک سے وفاقی ڈویژنز کے عملے کی تربیت کرے گی، انہوں نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے اجرا میں پی ڈی اے کی خدمات کو سراہتے ہو ئےکہا کہ پی ایم او ایس سسٹم سمیت پی ڈی اے کے اقدامات کو مزید سرکاری شعبوں تک وسعت دی جائے،
ڈاکٹر سہیل منیر نے وفاقی وزیرکو بریفنگ دی کہ قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان پر صوبائی آئی ٹی محکموں اور متعلقہ فریقوں سے مشاورت جاری ہے، وفاقی وزیرنے کہا کہ قومی ڈیجیٹل فریم ورک کا مقصد صوبائی دائرۂ اختیار میں مداخلت نہیں بلکہ باہمی ہم آہنگی ہے، مستند ڈیٹا اور شعبہ وار رجسٹریوں سے عوامی خدمات کی بہتر منصوبہ بندی ممکن ہوگی-










