وزارت ثقافت خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد کے لیے تیار ہے، وفاقی وزیر، “گروئنگ وومن ری بلٹ پاکستان” تقریب میں خطاب

0
3972

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) گروئنگ ویمن ، ڈریم پاکستان ،سندھو ویلفیئر ٹرسٹ اور لیک شور سٹی کے تعاون سے بیسٹ ویسٹرن ہوٹل اسلام آباد میں “گروئنگ وومن ری بلٹ پاکستان” کے عنوان سے ایک پروقارتقریب کا انعقاد کیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات، خواتین لیڈرز، سماجی کارکنان اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

مہمانِ خصوصی اورنگزیب خان کچی، فیڈرل منسٹر برائے ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن تھے، جنہوں نے تقریب کے انعقاد کو خواتین کی قومی سطح پر ترقی اور بااختیاری کے لیے اہم قدم قرار دیا۔

وفاقی وزیراورنگزیب خان کھچی نے تمام منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی وزارت کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت اور ورثہ کے فروغ میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور حکومت خواتین کی ترقی کے لیے نئے اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزارت ثقافت اور اس سے منسلک ادارے ایسے منصوبوں پر تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں جو ثقافتی تفہیم اور کمیونٹی کی ترقی کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ خیالات کا تبادلہ جاری رکھیں اور ملک کے ثقافتی منظر نامے کو آگے بڑھانے کے لیے قومی اقدامات میں فعال طور پر حصہ لیں۔

وفاقی وزیر نے کہاوزارت ثقافت کے زیر اہتمام حالیہ لوک میلے میں، خواتین فنکاروں کی تعداد پچھلے سالوں کے مقابلے مردوں کی شرکت سے بڑھ گئی، اس سے خواتین کی آرٹ اور ثقافت میں بھی دلچسپی ظاہر ہوئی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے ثقافتی تنوع کو فروغ دینے میں تنظیم کے کردار کی تعریف کی اور پاکستان کے ورثے کو ظاہر کرنے اور ملک بھر میں خواتین کی ترقی کے لیے اے پی پی کی حمایت کا اعادہ کیا۔

فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام فار وومن انیشیٹو اسلام آباد فرزانہ کوثر نے بھی تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور خواتین کے لیے جاری سرکاری اقدامات اور مواقع پر روشنی ڈالی۔

بانی گروئنگ وومن رومانہ چودھری نے اپنے ادارے کی کارگردگی پر روشنی ڈالی اور خواتین کے لئے نئے منصوبوں کا اعلان کیا رومانہ نے خواتین کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں میں بااختیار بنانے کے لیے ان کی سہولت پر کام کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے سیلاب زدگان کی بحالی اور بچوں کی تعلیم پر کام کرنے کی ضرورت کا بھی ذکر کیا۔

ڈاکٹرافشاں ملک، سی ای او سندھو ویلفیئر ٹرسٹ نے خواتین کی محنت، جدوجہد اور کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے ٹرسٹ کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور خواتین کی فلاح و ترقی کے لیے مستقبل کے عزائم پر گفتگو کی۔

چیئرمین ڈریم پاکستان ایڈوکیٹ منیر عثمانی نے شرکاء، میڈیا اور سول سوسائٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پروگرام کے مقاصد اور اس کے مختلف حصوں کے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا اور خواتین کی سماجی و معاشی شمولیت کے لیے ادارے کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

سید سادات شاہ، چیئرمین سادات گروپ نے نوجوانوں، خصوصاً خواتین لیڈرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنے ادارے کی جانب سے خواتین کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خواتین کی شمولیت ہی مستحکم معاشرے کی بنیاد ہے۔

تقریب میں کاروباری خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں نائیجیریا سے تعلق رکھنے والی دو خواتین بھی شامل تھیں جو اسلام آباد میں کاروبار کر رہی ہیں۔ اس موقع پر موجود تنظیموں نے مذکورہ شعبوں میں فلاحی کاموں کو بڑھانے کے لیے تعاون کے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور ایسی سرگرمیوں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کی بانی صدر ثمینہ فاضل، نائب صدر ایف پی سی سی آئی کریم عزیز ملک، گجرات انٹرپرائزز کے چیف ایگزیکٹو محمد عرفان چودھری “پاکستان ان دی ورلڈ” میڈیا کے ایڈیٹر تزئین اختر بھی موجود تھے۔

Pakistan in the World – March 2025

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here