گجرات میں یوم شہدائے پولیس عقیدت و احترام سے منایا گیا

0
506

گجرات (سٹاف رپورٹر) گجرات پولیس کی طرف سے یوم شہدائے پولیس عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہداء کی ملک و قوم کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت اور ویژن کے مطابق وطن عزیز کیلئے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران و جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گجرات پولیس نے صغیر کاسل مارکی میں تقریب کا اہتمام کیا۔ جس میں پولیس کے شہداء کی فیملیز کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔

اس موقع پرڈی پی او گجرات مہر محمد ریاض، ڈپٹی کمشنرنورالعین قریشی، صدر ڈسٹرکٹ بارمنیر گوندل ، چوہدری اعجاز ایم پی اے،سید مدد علی شاہ ایم پی اے، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوزاور دیگر سیاسی و سماجی اشخاص نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔ پولیس افسران و جوانوں کے بچوں نے خوبصورت انداز میں شہداء پولیس کیلئے ملی نغمے پیش کئے جنہیں شرکاء کی جانب سے خوب پزیرائی حاصل ہوئی۔

حاضرین کا کہنا تھا کہ شہداء کی ملک و قوم کیلئے دی گئی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یوم شہدائے پولیس منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے، اس دن کے ذریعے پاکستانی قوم کو پیغام دینا ہے کہ شہداء، ان کی فیملیز اور ان کی یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ قوم کو شہداء پر فخر ہے اور ملک کی بقاء، سلامتی اوراستحکام کیلئے پوری قوم پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔

ڈی پی او گجرات مہر محمد ریاض ناز نے شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں امن کی جو فضا ء قائم ہے اس کے پیچھے شہداء کی قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ء نے معاشرے کے ناسوروں سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کی ہیں،ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ڈی پی او گجرات نے شہدائے پولیس کی فیملیز کوتحائف اور مٹھائی پیش کی۔انہیں یقین دلایا کہ ہم ایک خاندان تھے،ہیں اور رہیں گے۔ شہداء کے لواحقین کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا مسئلہ ہوتو ڈی پی او گجرات کے دفتر کے دروازے ان کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔

تقریب کے اختتام پرملک و قوم اور شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پرشہداء کی فیملیز اور شرکاء کے لئے خصوصی طور پر کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here