امیر قطر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف

0
86
وزیراعظم کی قطر کے قومی دن پر پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے امیر قطر کو مبارکباد، پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے، شہباز شریف
اسلام آباد۔9دسمبر (سٹاف رپورٹر):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کےقومی دن پر پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے امیر قطر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے، پاکستان سے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تربیت یافتہ نوجوانوں کو قطر بھیجیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قطر کےقومی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریاست قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر نے سرینا ہوٹلز اسلام آباد میں قومی دن کے موقع پر استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ ہوٹل کے کشادہ ہالوں کو قطری انداز میں سجایا گیا تھا۔ بیٹھنے کا انتظام اور بیک ڈراپ بینر منتظمین کے جمالیاتی احساس کی عکاسی کر رہا تھا۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شازہ فاطمہ خواجہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، عسکری و سرکاری حکام، تاجروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے لوگ بھی موجود تھے.

میزبان سفیر نے اپنے خطاب میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کی تفصیلات بتائیں اور زندگی کے تمام شعبوں میں مزید اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر بات کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نے کہا کہ قطر کے قومی دن کی تقریب میں شرکت پر خوشی ہے،قومی دن پر حکومت اور عوام کی طرف سے امیر قطر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر دوستی کے رشتے میں بندھے ہیں،شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دور اندیش قیادت میں قطر نے نمایاں ترقی کی، قطر میں فٹ بال ورلڈکپ کا کامیاب انعقاد اس کی بہترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر کے حالیہ دورہ کے دوران دوحہ میں نمائش کا افتتاح کیا، نمائش کی سرپرستی کیلئے اپنی بہن شیخہ المیاسہ کی کوششوں اور امیر قطر کا شکرگزار ہوں، نمائش میں پاکستان کی ثقافت کے رنگ نمایاں تھے۔ انہوں نے کہا کہ امیر قطر پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں،امیر قطر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان قطر دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے، پاکستان سے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تربیت یافتہ نوجوانوں کو قطر بھیجیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کا قطر میں آئی ٹی، تعمیرات اور فارماسیوٹیکل سمیت مختلف شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی وزیراعظم کو شام سے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے تعاون کی درخواست کی ہے، پاکستانیوں کا شام سے بحفاظت انخلاء یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر قطر کے قومی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here