اسلام آباد (پاکستان ان دی ورلڈ رپورٹ) جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل کے خلاف پی ایف یو جے کے ملک گیر احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے احتجاج میں شرکت کا اعلان کردیا۔ جے اے سی میں شامل پی بی اے، ایمنڈ، سی پی این ای اور اے پی این ایس نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مشاورت کی باربار یقین دہانیوں کے باوجود صحافی تنظیموں اور اسٹیک ہولڈرز کو سنے بغیر پہلے قومی اسمبلی اور پھر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سے انتہائی عجلت میں بل منظور کروایا گیا جو حکومتی عزائم اور بدنیتی کا واضح ثبوت ہے ۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی اس ترمیمی بل کو یکسر مسترد کرتی ہے اور اس کے خلاف بھرپور عوامی اور قانونی جدوجہدکی جائے گی۔ سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں ،وکلا تنظیموں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے شروع کردیے گئے ہیں ۔ پیکا ایکٹ ترمیمی بل کو عدالت میں چیلنج کرنے کے لیے قانونی ماہرین سے مشاورت کوحتمی شکل دی جارہی ہے جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں شامل تمام صحافی تنظیمیں پی ایف یو جے کی ملک گیر احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گی۔